ڈاکٹر محمد عبدالقادر آزاد

Dr. M Abdul Qadir Azad

Dr Azaad 

آپ ۱۹۳۸ میں  ہندوستان کے علاقہ کاہنہ (کوہانہ) میں پیدا ہوئے۔ آپ نے دینی تعلیم کا حصول  اپنے آبائی علاقہ میں کیا اور علوم عربی و اسلامی میں پنجاب یونیورسٹی سے ڈگری مکمل کی۔ آپ نے علم ِ تفسیر میں ڈاکٹریٹ کیا۔ اس کے علاوہ آپ نے متعدد اسلامی علوم  پر تحقیق کی اور متعدد کتب و مقالات تحریر کئے۔ آپ نے پاکستان بھر میں کئی دینی ادارے قائم کئے اور آپ  کے ہاتھوں پر ہزاروں لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ آپ اردو، عربی اور انگریزی زبانوں  سے بخوبی واقف تھے۔   آپ نےطویل عرصہ سے پاکستان کی سرکاری مساجد میں بطور واعظ و خطیب اور امام جمعہ و جماعت ذمہ داریاں انجام دیں۔ آپ کا شمار پاکستان کی نامور علمی و مذہبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ آپ کا انتقال لاہور میں ہوا۔

 

 

دائرۃ المعارف حسینیہ کے بارے میں آپ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کا خلاصہ یہ ہے:

               ’’یہ بات یقیناً  ناقابل ِ انکار ہے کہ امام حسین ؑ کا عمل کربلا میں اسلام کی عزت اور شریعت کے دفاع کے لئے تھا اور یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی انسان رسول اکرم ؐ کی گود میں پرورش پائے اور  اسلام کے زوال اور اس کی تباہی پر وہ خاموش رہے۔ امام ِ امت ہونے کی حیثیت سے یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسلام کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کریں اور اس کی اصل و حقیقی صورت کو بحال رکھیں۔ امام حسین ؑ نے اس کام کو بخوبی انجام دیا۔

               امام حسین ؑ نے دین کی حفاظت اور شریعت ِ الٰہی کے تحفظ کے لئے اور قرآن و اسلامی قوانین کی صورتوں کو مسخ ہونے سے بچانے کے لئے  کربلا کے میدان میں قیام کیا۔  امام حسین ؑ کے جہاد کو میں تاریخ انسانی کا سب سے بڑا جہاد کہتا ہوں، اس لئے کہ ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا نے اسی سلسلے میں محنت کی کہ اسلام کا تحفظ ہو اور شریعت ِ الٰہی کا دفاع ہو سکے اور یہ کام امام حسین ؑ نے کربلا میں اپنی اور  اپنے ساتھیوں کی شہادت کے ساتھ  انجام دیا اور ساری دنیا کو ہمیشہ کے لئے حق و باطل کا فرق بیان کیا اور حق کی راہ میں سر کٹوانے کا درس دیا۔

               آیت اللہ الشیخ صادق الکرباسی نے اس سلسلہ میں تحقیق کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔ آپ نے مختلف زبانوں میں امام حسین ؑ کے بارے میں ہونے والی تحقیق کو جمع کیا اور لطف کی بات یہ ہے کہ جس زبان کا بھی انتخاب کیا آپ نے اس میں بھی تحقیق کا حق ادا کیا، یعنی اردو کی مثال لیں تو آپ نے اردو شاعری، ادبیات، نثر، علما، خطبا وغیرہ ہر موضوع پر تفصیلات بیان کی ہیں۔ آپ کا یہ ذوق اور طرز ِ عمل یقینا اس سلسلہ ٔ تحقیق کو منفرد اور ممتاز بناتا ہے۔  خدا ان کو مزید توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ اس عمل ِ خیر کو جاری رکھیں۔ آمین

عبدالقادر آزاد

لاہور

Subscribe to Newsletter